13 فروری ، 2014
ٹوکیو…عرفان صدیقی…جاپان میں پاکستان کے قائم مقام سفیر علی جاوید نے جاپان میں زلزلہ اور سونامی سے متا ثرہ صوبے فکوشیما میں مقیم سینئر پاکستانیوں کے ہمراہ فکوشیما کین کے میئر توشیو شی میزو سے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں قائم مقام سفیر پاکستان علی جاوید نے فکوشیما کین کے میئر توشیو شی میزو سے درخواست کی کہ زلزلہ اور سونامی سے متاثرہ شہر میں پاکستان کے اساتذہ کو انگریزی پڑھانے کے لیئے معاون اساتذہ کے طور پر ملازمت فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے ، جبکہ فکوشیما میں مقیم مسلمانوں کو اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیئے حکومتی سطع پر مسجد کے قیام کا بھی جائزہ لیا جائے ، اس موقع پر فکوشیما کین کے میئر توشیو شی میزو نے دونوں منصوبوں پر جائزہ لینے کا یقین دلایا ، اس ملاقات میں سینئر پاکستانی رہنما راجہ صابر اور رانا ابرار حسین نے بھی شرکت کی جنھوں نے فکوشیماکے میئر سے صوبے میں انٹرنیشنل اسکول کے قیام کا منصوبہ بھی پیش کیا جبکہ زلزلے اور سونامی سے متاثرہ صوبے کے جاپانی بھائیوں کو پاکستان کی ثقافت سے متعارف کرانے کے لیئے پاکستان ڈے منانے کا منصوبہ بھی پیش کیا جس میں پاکستان کی ثقافت اور موسیقی سمیت دیگر پاکستانی ثقافت سے جاپانی بھائیوں کو متعارف کرایا جائے ، جبکہ قائم مقام پاکستانی سفیر نے فکوشیما کین کے میئر توشیو شی میزو کو اپریل کے آخری ہفتے میں ٹوکیو میں منعقد ہونے والے پاکستانی فیسٹول پاکستان بازار میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی دعوت بھی دی ،ملاقات کے آخر میں فکوشیما کین کے میئر توشیو شی میزو نے پاکستان کے قائم مقام سفیر کو زلزلہ اور سونامی کے وقت جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جاپانی شہریوں کی بھرپور مدد پر پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا ، اور یقین ظاہر کیا کہ مستقبل میں پاکستان اور جاپان کے تعلقات میں اضافہ ہوگا ۔