پاکستان
13 فروری ، 2014

ایشیا میں امن کیلئے ترکی کی کوششوں پر شکرگزار ہیں:نواز شریف

ایشیا میں امن کیلئے ترکی کی کوششوں پر شکرگزار ہیں:نواز شریف

انقرہ…پاکستان،ترکی اورافغانستان کے درمیان انقرہ میں آٹھویں سہ فریقی کانفرنس کے موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایشیا میں امن کے لیے ترکی کی کوششوں پر شکرگزار ہیں، ترک صدر عبداللہ گل اور ترک وزیراعظم نے پاکستان کی بہتری کے لیے بہت کام کیا ،پاکستان اور ترکی کے تعلقات میں کئی قدریں مشترک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں،افغانستان تاریخ کے اہم ترین موڑ پر کھڑاہے،افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے افغان عوام پر مکمل اعتماد ہے، پاکستان نے قیام امن کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں،امید ہے کہ افغان عوام اپنے مسائل پر عزم اور ہمت سے قابو پالیں گے،سہ فریقی کانفرنس کا مقصد غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے۔اس موقع پر ترک صدر عبداللہ گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک دوستی اور بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہیں اور امن اور استحکام کی کوششوں پر یقین رکھتے ہیں،نوازشریف کی پالیسیوں سے پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔ افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ سہ فریقی کانفرنس میں خطے کی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، کانفرنس میں ریاستی اور غیر ریاستی عناصر کے معاملے پربھی بات ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سال 2014ء افغانستان کیلئے بہت اہم ہے،خطے کو درپیش مسائل پر بات چیت جاری رہے گی۔ افغان صدر کا کہنا تھا کہ فضل اللہ اور دیگر دہشت گرد افغان سرزمین کی کافی عرصے سے خلاف ورزی کررہے ہیں،امریکا افغانستان معاہدے سے پہلے افغان امن مذاکراتی عمل شروع ہونا چاہیے،ہم اپنے ملک کو پرامن اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخابات کے بعد سیکیورٹی معاہدے پر دست خط کرنا معاہدے کو موٴثر بنانا ہے۔کانفرنس میں وزیر اعظم کے ساتھ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہیں۔

مزید خبریں :