17 فروری ، 2014
کراچی …مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے کہا ہے کہ کراچی میں مسلسل شیعہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کسی دہشت گرد کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔کراچی میں شاہراہ پاکستان پر انچولی کے قریب مجلس وحدت مسلمین نے شیعہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سندھ کی صوبائی حکومت کالعدم جماعتوں کے خلاف کراچی میں بھی فوجی آپریشن کرے۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوٴں کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی کر نا چھوڑ دیں اور ان دہشتگروں کے خلاف خالی زبانی جمع چرچ سے کام نہ چلائے بلکہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھاکہ علماء ،اکابرین،ڈاکٹرز،وکلا،اورتاجروں سمیت عمائدین کو بھی مسلسل کالعدم جماعتیں قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔