17 فروری ، 2014
کوئٹہ …وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ کہا کہ ایک آمر کے اقدامات نے بلوچستان کو آگ میں جھونک دیا ،نواب اکبر خان بگٹی کی شہادت اور دیگر واقعات نے صوبے میں تشدد اور محاذ آرائی کی سیاست کو فروغ دیا۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کے دوران کہی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج بلوچستان کی صورتحال ایک آمر کے جابرانہ اقدامات کا نتیجہ ہے، جسکے اقدامات نے بلوچستان کو آگ میں جھونک دیا ،وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم پر صدق دل سے مکمل عملدرآمد کیا جائے تو آج کے بیشتر مسائل کے حل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اپنی حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ 21ویں صدی جمہوریت کی صدی ہے اور تمام مسائل قوت کے استعمال کے بجائے بات چیت سے ہی حل کئے جا سکتے ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ زکوٰة فنڈ میں بدعنوانی کا تدارک کیا جائے تو معاشرے اور بالخصوص محروم طبقے اور مستحق افراد کو فائدہ پہنچے گا۔