پاکستان
18 فروری ، 2014

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کااجلاس ، وزیرداخلہ اور وزیر اطلاعات شریک

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کااجلاس ، وزیرداخلہ اور وزیر اطلاعات شریک

اسلام آباد…طالبان سے مذاکراتی عمل کیلئے حکومتی کمیٹی کا وزیر اعظم کے ساتھ اجلاس جاری ہے، اجلاس میں چاروں کمیٹی ارکان ، وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات شریک ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف کو اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی۔ایف سی اہل کاروں کے قتل کے بعد مذاکرات میں آنے والے تعطل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جارہاہے ،دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور ان کی ذمہ داری طالبان کی جانب سے قبول کیے جانے کے بعد حکومت بات چیت جاری رکھے گی یا کوئی اور راستہ اختیار کیا جائے گا، اگلااقدام آج طے ہونے کا امکان ہے ۔ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے آپس میں مشاورت کے بعد وزیراعظم سے ملاقات میں مذاکرات کے مستقبل پر ہدایات لینی ہیں۔میاں نواز شریف کو اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی ، جبکہ وزیراعظم کمیٹی کو ان شرائط سے آگاہ کرسکتے ہیں جن بنیادوں پر مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ گزشتہ روز حکومتی کمیٹی نے ایف سی اہل کاروں کے قتل کے ردعمل میں طالبان کمیٹی سے ملنے سے معذرت کی تھی۔طالبان کی نامزد کمیٹی طالبان سے رابطوں کی کوشش کررہی ہے تاکہ ان اہل کاروں کی لاشوں کو واپس لایا جاسکے ۔ کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے بتایا کہ طالبان سے رابطوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں ، کوشش ہے کہ اہل کاروں کے قتل کی وجوہات جانی جاسکیں اور ان سوالوں کے جواب حاصل کیے جاسکیں جو عوام کی جانب سے اٹھائے جارہے ہیں ۔

مزید خبریں :