19 فروری ، 2014
اسلام آباد…غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے وکلا کی طرف سے ججز کے متعصب ہونے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ عدالت رہنما اصول مرتب کریگی کہ کن بنیادوں پر ججز کو سماعت سے الگ ہوناچاہیے ۔پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بنچ کررہا ہے۔ آج پرویز مشرف کے وکلا نے اپنی درخواست ججز کے متعصب ہونے پر دلائل دیئے ، انور منصور کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ ہم رہنما اصول مرتب کریں گے کہ کن حالات میں جج کو مقدے کی سماعت سے دستبردار ہونا چاہیے ، اگر کوئی جج مقدمے سے الگ ہوتا ہے تو کیا یہ خطرناک بات نہ ہو گی، پھر کہا جائے گا کہ اچھا یہ تھا وہ شخص، عدالت نے قرار دیا کہ اس معاملے میں استغاثہ کے موقف کی ضرورت نہیں۔ کیس کی مزید سماعت جمعے تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت کیس کے آرمی ایکٹ کے تحت چلنے یا نہ چلنے کی درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کرچکی ہے، جو جمعے کو سنایا جائے گا ۔