پاکستان
19 فروری ، 2014

بھارتی قید میں90ہزارپاکستانی تھے جن کی گردنیں نہیں کاٹی گئیں،پرویزرشید

بھارتی قید میں90ہزارپاکستانی تھے جن کی گردنیں نہیں کاٹی گئیں،پرویزرشید

اسلام آباد …وفاقی وزیر اطلاعات اورسینیٹر پرویزرشیدنے کہا ہے کہ 90ہزارقیدی بھارت کی قیدمیں تھے لیکن انہوں نے ان کی گردنیں نہیں کاٹیں،جنیوا معاہدے کے تحت بھارت نے ہمارے قیدی رکھے جبکہ بھارت کے قیدی بھی ہمارے پاس تھے لیکن وہی سلوک کیا جو اسلام نے بتایا ہے، شاہد اللہ شاہد کو کوئی شکایت تھی تو کمیٹی کو بتاتے،کالعدم تحریک طالبان کو پہلے ان باتوں کا جواب دینا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشیدکا مزید کہنا تھا کہ شریعت کی بات کرنے والے بتائیں کیا انہوں نے ہمارے قیدیوں کے ساتھ شریعت کے مطابق سلوک کیا؟ ہماری بھی شکایتیں ہیں، ایسی خبر ملتی ہے تو قوم کو دکھ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ بغیر خون خرابہ امن کی منزل حاصل کرلیں، قومی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں رہتے ہیں، قومی معاملات پر پارٹی کی سیاست نہیں کرتے۔ پرویز رشید نے کہا کہ حکومتی کمیٹی طالبان کے موٴقف سے آگاہ کرے گی پھر فیصلہ کریں گے، ملکی سرحدوں کے دفاع سمیت تمام چیلنجز پر دفاعی اداروں نے بہترین نتائج حاصل کیے، اقوام متحدہ کی بین الاقوامی فوج کی فہرست میں پاکستان سرفہرست ہوتا ہے، جو دوسرے ملکوں میں جا کر امن قائم کرسکتے ہیں وہ پاکستان میں بھی امن قائم کرسکتے ہیں، کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ دفاعی اداروں کی صلاحیتیں ان سے نمٹنے کیلئے کم ہی۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پرویزمشرف کا معاملہ عدالت میں ہے، پاکستان میں قانون کی حکمرانی قائم رہے گی اور کوئی اس سے نہیں بچ سکتا۔

مزید خبریں :