02 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے لیاری میں بدستور کشیدگی کے باعث علاقہ میدان جنگ بنا ہوا ہے، فائرنگ سے 10 سالہ بچے سمیت مزید دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس سے آج پی پی لیاری کے نائب صدر حسن سومرو سمیت ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ آٹھ چوک اور دیگر علاقوں میں نامعلوم مسلح افراد اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لی مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں میں بھی فائرنگ سے علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آٹھ چوک کے قریب فائرنگ سے 10 سال کابچہ جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ پولیس نے بتایا ہے کہ لیاری میں فائرنگ سے زخمی ہونیوالا ایک اور شخص سول اسپتال میں چل بسا جس کے بعد لیاری فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ 24 افراد زخمی ہیں۔ دوسری جانب لیاری میں گزشہ روز مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے کراچی پولیس چیف کو تحقیقاتی افسر مقرر کردیا گیا ہے۔ کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد سے جاری مظاہروں نے شدید جھڑپوں کا رخ اختیار کرلیا ہے اور تازہ اطلاعات کے مطابق اب بھی آٹھ چوک پر پولیس اور مشتعل افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے جس کے دوران ملزمان کی جانب سے پولیس پر پیٹرول بموں، دستی بموں اور راکٹ لانچروں سے حملے کئے گئے۔