20 فروری ، 2014
میرعلی، شمالی وزیرستان …سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں میر علی اور شوال کے علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی ہے ، اب تک15 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے جس میں غیر ملکی بھی شامل ہیں ، جیٹ طیاروں کی پرواز کچھ دیر پہلے تک جاری تھی ذرائع کے مطابق جیٹ طیاروں سے بمباری کا سلسلہ گزشتہ شب شروع ہوا ۔ میر علی کے علاقے حسو خیل ، حیدرخیل ، خوشحالی اور ایدک میں دہشت گردوں کے مخصوص ٹھکانوں پر کارروائی کی گئی جس میں غیر ملکیوں سمیت15 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ ادھر وادی شوال میں بھی دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، کارروائی میں ہلاکتوں کی تعداد کا پتا نہیں چلا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی عام آباد ی سے دور جنگجووٴں کے ٹھکانوں پر کی گئی جس میں کولیٹرل ڈیمیج نہیں ہوا۔سینئر صحافی عامر میر نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سرجیکل اسٹرائکس قابل اعتماد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کئے گئے، جس میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے جنگجووٴں کا ہدف بنایا گیا۔