20 فروری ، 2014
اسلام آباد…چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے شدت پسندوں کی جانب سے کیلاش اور چترال کے شہریوں کو دھمکیاں دیے جانے کا ازنوٹس لیتے ہوئے ان علاقوں کی سیکورٹی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی ہے۔ سپریم کورٹ میں تصدق حسین جیلانی نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان سلمان بٹ اور ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا لطیف یوسف زئی کوحکم دیاکہ پیش ہوکربتائیں کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کیا کارکردگی ہے۔ لطیف یوسف زئی پیش ہوئے اور بتایا کہ کیلاش اور چترال کے شہریوں کو دھمکیاں اندرون ملک سے نہیں افغانستان کے صوبے نور ستان سے ملی ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ معاملے کی تفصیلات کے بارے میں وفاقی حکومت کو آگاہ کیا جائے۔