20 فروری ، 2014
پشاور…پشاور پولیس نے شمع سینما دھماکوں میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ خیبر ایجنسی کے علاقے تیراہ سے تعلق رکھنے والا ملزم حسن عرف اسرار خود بھی دھماکے میں زخمی ہوگیا تھا جو لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج تھا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد ملزم کو اسپتال سے حراست میں لے لیا جبکہ اس کے ساتھی بلال کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن کا مزید کہنا تھا کہ دونوں حملہ آور باڑہ سے روانہ ہوئے تھے نواحی علاقے ماشو خیل سے ہوتے ہوئے رنگ روڈ ا ور بعدازاں شمع سینما پہنچے۔ ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان نے کہا کہ ملزم کا تعلق جنگریز گروپ سے ہے جبکہ پکچر ہاوٴس سینما میں دستی بموں کے حملے میں بھی یہی گروپ ملوث ہے۔