21 فروری ، 2014
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے آپریشن کرکے 63 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ملزمان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں قائم فیوچر کالونی، مانسہرہ کالونی، لانڈھی 89، معین آباد نمبر1 اور 2 میں چھاپے مارے گئے، جس کے دوران 28 مشتبہ افرادکوحراست میں لے لیاگیا۔ملزمان کے قبضے سے 4 پستول، چھینے گئے موبائل فونز اور منشیات بھی ملی، اورنگی ٹاوٴن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5 افراد کے قتل کے بعد پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا،ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق افغان باشندوں سمیت 30 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ملزمان سے منشیات اور اسلحہ بھی ملا ہے۔اے ایس پی کلفٹن عبادت نثار نے بتایا کہ کلفٹن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے4 ملزمان کو گرفتارکرکے 4 ٹی ٹی پستول اور منشیات برآمد کرلی، عزیز آباد کے علاقے سے ایک ڈاکو کو گرفتارکرلیا گیا،جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔