پاکستان
21 فروری ، 2014

لاہور میں تجاوزات کیخلاف آپریشن،تاجروں کا احتجاج

لاہور میں تجاوزات کیخلاف آپریشن،تاجروں کا احتجاج

لاہور…لاہور کا علاقہ ٹاوٴن شپ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے د وران میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ دکانداروں نے شدید مزاحمت کی اورضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکا ٹیم پر پتھراوٴ کیا۔ چارگاڑیاں بھی نذر آتش کر دیں۔ لاہور کے علاقے ٹاوٴن شپ کی مین مارکیٹ میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے تجاوزات کے خلاف مشترکا آپریشن کیا۔ تھڑے اور تجاوزات ہٹائے جا رہے تھے کہ تاجر مشتعل ہو گئے۔ انہوں نے پولیس اور ٹی ایم اے اقبال ٹاوٴن کے عملے پر پتھراوٴ شروع کر دیا۔ جس سے 7 سرکاری ملازم زخمی ہو گئے۔ مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی اور چار گاڑیوں کو آگ لگا دی جس پر پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی۔ تاجروں نے موقف اختیار کیا کہ آپریشن کے دوران کچھ ایسے سائن بورڈ بھی گر گئے جن پر مقدس کلمات درج تھے، جس کے خلاف انہوں نے احتجاج کیا۔ جب تک گرائے گئے سائن بورڈ دوباہ نہیں لگائے جاتے وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔ ڈی سی او لاہور کے کوآرڈینیٹر طارق زمان کے مطابق گرائے گئے سائن بورڈ دوبارہ لگانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے کام شروع کر دیا ہے تاہم تجاوزات کے خلاف آپریشن نہیں رکے گا۔

مزید خبریں :