پاکستان
21 فروری ، 2014

مذاکرات کی افادیت ختم ہوچکی، نوازشریف لیڈر بن کر فیصلہ کریں، خورشید شاہ

مذاکرات کی افادیت ختم ہوچکی، نوازشریف لیڈر بن کر فیصلہ کریں، خورشید شاہ

سکھر…قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کی افادیت ختم ہوچکی ہے ،نوازشریف لیڈر بن کر فیصلہ کریں، ان کی کرسی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وہ محسوس کررہے ہیں کہ فوجی قیادت طیش میں ہے کہ ان کے جوانوں کو بھی دہشت گردی اور بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، پاکستان کے لوگ ہر پریشانی بھول گئے ہیں، انہیں صرف امن چاہئے، دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے ایسا قدم اٹھانا پڑے گا جس سے قوم اور ملک کے دشمن کو یہ احساس ہوجائے کہ حکومت کی رٹ ہے اور اس سے مقابلہ کرنا آسان نہیں،اس ڈائیلاگ کی افادیت ختم ہوچکی ہے اور یہی اس بات کا ثبوت ہے کہ اس میں ڈائیلاگ کی کوئی سمت نظر نہیں آتی۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو اب لیڈر بن کر سوچنا چاہئے، یہ کرسی رہے گی، پرائم منسٹر کی کرسی کو کوئی نہیں ہلا سکتا، وہ وزیراعظم رہیں گے، ہم ان کی مدد کریں گے، مگر پاکستان کی اسٹیٹ مضبوط ہوگی تو وزیراعظم بھی ہوگا، اسٹیٹ مضبوط نہیں ہوگی تو وزیراعظم بھی نہیں ہوگا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے، وہ روپ دھار کے لوگوں کو بے وقوف نہیں بناسکتے،یہ کرمنلز ہیں، یہ روپ دھار کے لوگوں کو بے وقوف نہیں بناسکتے، اسلام تو ہر وقت پرامن رہنے کی تلقین کرتا ہے، یہ کونسا ان کا مذہب ہے، یہ تو یہودی کے جیسا مذہب نہیں ہے، جیسا یہ کررہے ہیں۔خورشید شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران سمیت خطے کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں، خطے کے کسی بھی ملک میں آگ بھڑکے گی تو اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑے گا۔

مزید خبریں :