پاکستان
22 فروری ، 2014

پاکستانی قیدی مقبوضہ کشمیر کی جیل میں پراسرار حالات میں چل بسا

پاکستانی قیدی مقبوضہ کشمیر کی جیل میں پراسرار حالات میں چل بسا

سری نگر…پاکستانی قیدی شوکت علی مقبوضہ کشمیر کی جیل میں پراسرار حالات میں فوت ہو گیا۔ بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شوکت نے خودکشی کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی ڈسٹرکٹ جیل امپالا جموں میں پاکستانی قیدی شوکت علی ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مردہ پایا گیا۔ جیل حکام کا دعویٰ ہے کہ شوکت علی کی لاش جیل کی بیرک کے اندر لٹکی ہوئی ملی، اس نے خودکشی کی ہے۔ بھارتی حکام کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے شوکت علی کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا خودکشی نہیں کرسکتا، اس کو جیل میں تشدد کرکے مارا گیا ہے۔ واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ شوکت علی کی پراسرارموت پر بھارتی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی حکام سے شوکت علی کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانیوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جیل حکام نے شوکت علی کی موت کی تحقیقات شروع کردیں ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوادیا گیا۔ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے شوکت علی کو 2011ء میں غلطی سے سرحد پارکرنے پرگرفتار کرکے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :