پاکستان
22 فروری ، 2014

الطاف حسین کی عوام سے اتوار کی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل

الطاف حسین کی عوام سے اتوار کی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل

کراچی…ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ پالیسی ساز اداروں کو جان لیناچاہیے کہ پاکستان اورطالبان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرخالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اتوار کوہونے والی ریلی طالبان کے ساتھ ان کے حامیوں کے بھی خلاف ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی اور دیگرشعبوں کے ارکان سے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ اگر پاکستان پر طالبان دہشت گردوں کا قبضہ ہوا تو اس کی سلامتی خطرے میں پڑجائے گی، پالیسی ساز اداروں کو جان لینا چاہیے کہ پاکستان اور طالبان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ انہوں نے طالبان کے خلاف نبردآزما مسلح افواج، رینجرز، ایف سی، لیویز دیگر پیراملٹری فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی میں عوامی ”یکجہتی ریلی“ کے انعقادکے انتظامات میں دن رات محنت و جاں فشانی سے کام کرنے والے تمام ذمہ داروں اورکارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین بھی پیش کیا۔ الطاف حسین نے روشن خیال سیاسی کارکنان، دانشور، کالم نگار، علمائے کرام، خواتین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں، صحافتی تنظیمیں، وکلاء برادری اور محنت کشوں سے اپیل کی کہ وہ ریلی میں بھرپورشرکت کریں۔ دوسری جانب کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطی کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اب گھروں میں بیٹھے رہنے کا وقت نہیں ہے، بلکہ نکل آنے کا ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ریلی طالبان کے ساتھ ان کے حامیوں کے بھی خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان، رینجرز اور پولیس کو بھی کل کے پروگرام کی دعوت دیتے ہیں۔

مزید خبریں :