22 فروری ، 2014
ملتان…وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کا نعرہ لگانے والی خیبر پختون خوا حکومت کے نمائندے ہی بجلی چوروں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ ملتان میں کاٹن جنرز اینڈ ایسویسی ایشن کے دفتر میں پریس کانفرنس میں عابد شیر علی نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں 32بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی اور ایس ڈی او اور ایکسیئن کو معطل کیا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پشاور میں 99اعشاریہ 9فیصد، سکھر میں 98اور لاڑکانہ میں 90فیصد بجلی چوری کی جا رہی ہے، پچھلے 13سالوں میں توانائی کے منصوبے شروع نہیں کئے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ دور میں نظر انداز کیے گئے منصوبے شروع کروا دئیے ہیں اور اسی سال 2ہزار میگا واٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کر دی جائے گی، بھارت کی طرح ہم بھی کوئلے سے توانائی بحران ختم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔