23 فروری ، 2014
کیو…یوکرین کی پارلیمنٹ نے صدر کو بر طرف کر کے 25 مئی کو انتخابات کا اعلان کر دیا۔صدر دارالحکومت سے فرار ہو گئے ہیں جبکہ صدارتی محل پر مظاہرین نے قبضہ کر لیا ہے۔صدر وکٹر یانکووچ نے پارلیمنٹ کے فیصلے کوغیرقانونی قراردیدیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکومت مخالفین نے دارالحکومت کیو میں صدارتی محل اور شہر سے 15 کلو میٹر باہرتک اختیار سنبھال لیا ہے۔مظاہرین صدارتی محل میں داخل ہونے کے بعد پرآسائش زندگی کا مزہ چکھ رہے ہیں جبکہ پارلیمنٹ پرحزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومتی ارکان کوملاکربالادستی قائم کرلی ہے۔پارلیمان میں صدر وکٹر یانکووچ کے خلاف قرارداد پیش کی گئی جس میں ان پر اپنی آئینی ذمے داریاں پوری نہ کرنے کا الزام لگایا گیا اور صدرکوعہدے سے ہٹانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر کے ملک میں نئے صدارتی انتخابات کے لیے 25 مئی کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔اراکینِ پارلیمان نے اسپیکر اور اٹارنی جنرل کوبھی تبدیل کر دیا جبکہ اپوزیشن کے حامی رہنما کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا۔ پارلیمنٹ نے حزبِ مخالف کی رہنما اور سابق وزیر اعظم یْولیا ٹیماشنکو کے حق میں ووٹ دیا جس کے بعد انھیں رہا کر دیا گیا۔ کیو پہنچنے پر یْولیا کا کہنا تھا کہ یوکرین جلد مستقبل میں یورپی یونین کا حصہ بن جائے گا۔اپوزیشن رہنما وٹالی نے دعویٰ کیاہے کہ صدر وکٹر ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔تاہم صدروکٹریانکووچ نے مشرقی شہر خارکیف میں ایک ٹی وی انٹرویومیں ارکان پارلیمنٹ کے اقدام کوغیرقانونی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ نہ تو انہوں نے استعفیٰ دیا ہے اورنہ ہی وہ ملک چھوڑکرجائیں گے۔