24 فروری ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ طالبان دہشت گردوں سے مقابلہ میں جو فوج، رینجرز، ایف سی اورپولیس اہلکار شہید وزخمی ہورہے ہیں انکے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور مالی معاونت کیلئے فوری طور پر شہداء فنڈ قائم کیاجائے ۔ اس سلسلہ میں ایم کیوایم ہرطرح سے اپنا کردار اداکرنے کو تیار ہے ۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ طالبان اور ان کے حمایتی گروپوں کے دہشت گردوں کے ہاتھوں تقریباً روزانہ ہی فوج،رینجرز، ایف سی اورپولیس کے اہلکار شہید ہورہے ہیں ۔ ان اہلکاروں کی شہادت کے چند دن بعد تک روایتی بیانات اور پیغامات کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن اس کے بعد ان شہدا ء کی بیواوٴں ، یتیم بچوں اور دیگر لواحقین کی خبرگیری کرنے والا اور ان کی مالی کفالت کرنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ الطاف حسین نے کہاکہ وطن کی حفاظت اور اس کے عوام کو سیکوریٹی فراہم کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان اہلکاروں کے پسماندگان کی دیکھ بھال حکومت اورعوام کا قومی فریضہ ہے اس لئے میں حکومت سے پرزورمطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ان شہداء کے لواحقین کی دیکھ بھال اور اعانت کیلئے فوری طور پر شہداء فنڈ قائم کرے جس میں حکومت ، مخیرحضرات اور عوام کی جانب سے دل کھول کر عطیات دیے جائیں ۔ اس ضمن میں ایم کیوایم بھرپور تعاون کرنے اور اپنا کردار ادا کرنے کوتیار ہے ۔دریں اثناء مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام شاہراہ قائدین پرمسلح افواج اور فورسز سے اظہار یکجہتی کیلئے اور دہشت گردی کے خلاف منعقد کی گئی عظیم الشان ریلی کا زبردست خیر مقدم کیاہے اور ریلی میں شریک لاکھوں شرکاء سے قائد تحریک الطاف حسین کے ٹیلی فونک خطاب کو قوم کی ترجمانی قرار دیا ہے ۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیر و عزیز آباد اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ملک کی فورسز سے اظہار یکجہتی کیلئے اور دہشت گردی کے خلاف منعقدکی گئی ریلی کی فقید المثال کامیابی کے بعد ٹیلی فون ، فیکس، ای میل ، فیس بک ، ٹوئیٹر اورSMSکے ذریعے بہت بڑی تعداد میں مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے ۔جن میں علمائے کرام ، تاجر ، صنعتکار ، وکلاء ، صحافی ، شعراء ، ادیب ،اساتذہ، سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ مختلف مذاہب کے مذہبی رہنماؤں سمیت ملک بھر اور دنیا کے بیشتر ممالک میں موجود ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کی کی بہت بڑی تعداد شامل ہے ۔ اپنے پیغامات میں انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے دہشت گردی کے خلاف اور فورسز سے اظہار یکجہتی کیلئے شاندار ریلی کا انعقاد کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ملک کی سلامتی اور بقاء کے معاملے میں نہ صرف انتہائی سنجیدہ ہے بلکہ ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے بھی تیار ہے اورملک کے تحفظ اوراستحکام کی خاطر تمام اختلافات بھلا کر سب سے پہلے میدان عمل میں اتر چکی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف طبل جنگ الطاف حسین اور ایم کیوایم نے کھل کر بجا دیا ہے اور اب تما م محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں کا یہ قومی فرض بنتا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف صف آراء ہوں اوردہشت گردوں سے امن کی بھیک مانگنے کے بجائے انہیں عبرتناک انجام تک پہچایاجائے ۔ اپنے پیغامات میں انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے ، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کی سرخروئی ،امن و امان کے قیام اور الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت و تندرستی ناگہانی آفات سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔