03 اپریل ، 2012
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ دو دنوں سے جاری کشیدگی کے بعد لیاری میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ برنس روڈ پر ایک اور شخص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ اس موقع پر علاقہ کے حالات کشیدہ رہے اور دکانیں بند کرادی گئیں۔پولیس کے مطابق گلستان جوہر میں پہلوان گوٹھ کے قریب دو گروپوں میں تصادم ہوا جس کی زد میں آکر ایک نوجوان ساجد علی جان بحق ہوگیا۔ترجمان اسکاوٴٹس رابطہ کونسل کے مطابق پہلوان گوٹھ میں فائرنگ سے جان بحق شخص حسینی اسکاوٴٹس کا رکن تھا۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقے کی صورت حال کشیدہ ہوگئی نامعلوم افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی اور دکانیں اور کاروبار بند کرادیا گیا۔ پہلوان گوٹھ میں شروع ہونے والی ہنگامہ آرائی کا سلسلہ گلستان جوہر کے مختلف علاقوں میں پھیل گیا۔ نامعلوم افراد نے منور چورنگی، کامران چورنگی پر گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا اور سڑک پر جلاوٴ گھیراوٴ کر کے سڑک ٹریفک کے لئے بند کر دی۔ صوت حال پر قابو پانے کے لئے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا ہے۔ جبکہ شارع پاکستان پربھی انچولی کے قریب مشتعل افرادنے احتجاج کیا،مشتعل افرادکومنتشرکرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی،پولیس ہنگامہ آرائی کرنیوالوں کاتعاقب کرتے ہوئے انچولی میں داخل ہوگئی ۔جبکہ علاقے میں نامعلوم افرادکی فائرنگ کی اوردکانیں بندکرادیں جبکہ کچھ مشتعل افراد نے سہراب گوٹھ پر پولیس موبائل کوبھی نذرآتش کردیا ۔دوسری جانب آج صبح لیاری کے مختلف علاقوں میں صورتحال کشیدہ رہی اور علاقہ مکینوں کوشدیدمشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔رینجرزاہلکاروں پربھی پتھراوٴ کیا گیا۔جس کے بعدرینجرزکی نفری وہاں سے ہٹادی گئی اور کچھ دیر بعدپولیس اور ایف سی کوتعینات کیا گیا۔ایف سی کی آمدکے بعدسے بہتری آئی ،دکانیں کھل گئیں،ٹریفک بھی رواں دواں ہے اورمعمولات زندگی بحال ہوناشروع ہوگئے ہیں۔