03 اپریل ، 2012
لاہور…بیس سے زائد گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف قصور پاکپتن شیخوپورہ اور جوہر آباد میں تاجروں اور عام صارفین نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کی جبکہ قصور میں تاجروں نے دکانوں کا شٹر ڈاون رکھا ،عوام نے اسے حکومت کی ناکامی قرادیا۔مسلم لیگ ن کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خلاف ہڑتال کی کال پر قصور میں کاورباری مراکز بند رہے ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم نظر آئی جبکہ کوٹ مراد خان اور شہباز چوک میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجا جی مظاہرے کئے گئے۔شہریوں اور دوکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش نے انکی زندگی اجیرن کر دی ہے ان کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں اور وہ شدید معاشی بحران کا شکار ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے خلاف شیخوپورہ میں ایم این اے میاں جاوید لطیف کی قیادت میں غلہ منڈی سے ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے لسیکو آفس کا گھیراؤکیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی پاکپتن میں مشتعل افراد نے بنک اور تھانے پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی اورگاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ جوہر آباد میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرین نے میانوالی روڈ بلاک کر کے حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی کی ۔ پیپکو کو اس وقت ساڑھے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے.پیپکوذرائع کے مطابق پی ایس او نے بھی ادائیگی نہ ہونے پر تیل کی سپلائی نصف کردی ہے اور 33ہزار کی بجائے صرف 15ہزارٹن فرنس آئل دیا جارہاہے ۔