06 مارچ ، 2014
اسلام آباد…حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر اتفاق ہوگیا ہے ۔اس عہدے کیلئے جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس کے نام پراتفاق سامنے آیا ہے، ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے کئی دنوں سے جاری مشاورت اپنے حتمی نتیجے پر پہنچ گئی ہے۔وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آج قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ سے رابطہ کیا تھا،جس میں جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس پر اتفاق رائے سامنے آیا ہے ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رانا بھگوان داس کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کیلئے قانون میں ترامیم کی جائیں گی ،حکومت کی جانب سے ترامیم کل قومی اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سابق جسٹس فخرالدین جی ابراہیم کے بعد سے خالی ہے اور جسٹس ناصرالملک قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے فرائض سنبھال رہے ہیں۔