Time 27 نومبر ، 2024
پاکستان

حکومت عمران خان کی رہائی پر تیار تھی، پھر کچھ لوگوں نے معاملات خراب کردیے: لطیف کھوسہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہےکہ حکومت گھٹنے ٹیک چکی تھی اور عمران خان کی رہائی پر تیار تھی، رکاوٹ تب آئی جب کہا گیا کہ  رہا کردیں گے، ہمارا مطالبہ فوری رہائی کا تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بیچ میں کچھ لوگوں نے تخریب کاری کرکے معاملات خراب کردیے۔ تحریک ایسےختم نہیں ہوتی کہ تشدد کرکےاٹھالیا، ابھی تو ہم گئے ہی نہیں تحریک جاری ہے، اسلام آباد بھی آئیں گے اور  ہماری حکومت بھی ہوگی۔

 لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ بڑھکیں مارتے تھے کہ کوئی ڈی چوک آکر دکھائے، اتنے زیادہ ناکوں کے بعد بھی لوگ اسلام آباد پہنچے۔ وزیراعلیٰ کے پی نے شہید کارکنوں کے اہلخانہ کو ایک ایک کروڑ  روپے دینےکا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی شہادت پر ایف آئی آر درج کرائیں گے، کوشش ہوگی ہم ایف آئی آر خیبرپختونخوا میں درج کرائیں، ہمیں علم ہے اسلام آباد میں ہماری ایف آئی آر کوئی درج نہیں کرےگا۔

تحریک انصاف پر پابندی لگنے والی ہے: فیصل واوڈا

اس موقع پر سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگنے والی ہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگنے والی ہے، جلد ہی پی ٹی آئی سے مخلص لوگوں کی 'پی ٹی آئی پاکستان' بن جائےگی۔ پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ منہ دکھانےکے قابل نہیں رہی، پی ٹی آئی سے 9 مئی کرانا 'گدھ' کا کام تھا،گدھ نے ہی بانی پی ٹی آئی کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈکھائے، بانی پی ٹی آئی کے اقتدار میں گدھ نےگوگی گینگ سےسارےکام کرائے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ایک خاتون نےکہا ڈی چوک ہی جاؤں گی پھر وہاں سے فرار ہوگئیں، سنگجانی میں جلسے کرنے پر راضی ہوجاتے تو عزت بھی رہ جاتی۔ بانی پی ٹی آئی کو بچانے کی کوشش کر رہا ہوں اور کروں گا، پارٹی کے خاتمےکے لیے بی بی کی کوششیں جاری ہیں۔ تمام لیڈر شپ نےکہا کہ اس خاتون نے ہماری لیے مصیبت بنائی، علی امین گنڈاپور گرفتار نہیں ہوں گے لیکن بی بی گرفتار ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لطیف کھوسہ 10 لاکھ لوگ لانےکی بات کر رہےتھے، تصویرمیں صرف 5 افراد تھے، مظاہرین میں کرائے پرلوگ تھے، سرکاری ملازمین تھے، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کل کہاں تھی؟ عمر ایوب کہاں تھے؟پی ٹی آئی لیڈر شپ کی تیاری ہےکہ عمران خان کو اندر رکھا جائے۔

مزید خبریں :