08 مارچ ، 2014
لاہور…دنیا بھر میں خواتین کا دن آج منایا جارہا ہے، اس موقع پر پنجاب کے تمام اداروں میں خواتین کو 33 فیصد نمائندگی دینے کا بل منظور کر لیا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں خواتین کو فیصلہ ساز اداروں میں مناسب نمائندگی دینے کا بل پاس ہوا تو ایوان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کے تمام ترقیاتی پروگراموں میں قوم کی بیٹیاں 50 فیصد سے زائد کی حقدار ٹھہریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہات کی مضبوط اور توانا خواتین کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔ خواتین کے عالمی دن پر جہاں ایوان میں انہیں با اختیار بنانے کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، وہیں وزیر اعلیٰ نے یہ پیغام بھی دیا کہ آنے والے دنوں میں مزید موٴثر اقدامات کئے جائیں گے۔ بعد ازاں ایوان اقبال لاہور میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ چلنا ہو گا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ خواتین قدم بڑھائیں وہ وسائل کا 52فیصد حصہ ان کی بہبود پر خرچ کرنے کو تیار ہیں۔