08 مارچ ، 2014
کراچی…ضرورت ایجاد کی ماں ہے،ایسا ہی کچھ کر دکھایا ہے کراچی کے ایک فلاحی ادارے کے رضا کاروں نے، ان نوجوانوں نے موٹر سائیکل پر ہی فائر فائٹنگ کا کام شروع کردیا ہے۔ کراچی میں سرگرم ایک فلاحی ادارے کے باہمت رضا کاروں نے موٹر سائیکل کو ہی فائر ٹینڈر میں تبدیل کرڈالا ہے۔ اپنی طرز کی یہ انوکھی موٹر سائیکل شہر کے اولڈ ایریاز کی تنگ گلیوں کیلئے انتہائی مفید ہیں جہاں فائر بریگیڈ کی بڑی گاڑیوں کا فوری طور پر داخل ہونا محال ہوتا ہے۔ موٹر سائیکل کے دائیں، بائیں جانب گول گول گھومتی لال رنگ کی بتیاں اور بجتا سائرن اس بات کی علامت ہیں کہ یہ کسی کی مدد کیلئے جا رہے ہیں۔ موٹر سائیکل پر ایک جانب پانی اور دوسری طرف آتشزدگی پر قابو پانے والے مخصوص کیمیکل کی ٹنکیاں نصب ہیں۔ یہ موٹر سائیکل چند منٹوں میں تنگ گلیوں میں داخل ہوجاتی ہے۔ ادارے کی جانب سے موٹر سائیکل سوار فائر فائٹر کو باقاعدہ تربیت بھی دی جاتی ہے۔ اس موٹر سائیکلوں میں وائر لیس فون کی سہولت بھی موجود ہے، جو انہیں بروقت حادثے کی جگہ کی تک پہنچنے میں بے حد مددگار ثابت ہوتی ہے۔ رش کے اوقات اورتنگ گلیوں میں فائر ٹینڈر سے آگ بجھانا مشکل ہی نہیں کبھی کبھی نہ ممکن ہوجاتا ہے ایسے میں فلاحی ادارے کی جانب سے یہ موٹر سائیکلوں نہ صرف جدت بلکہ سماجی کام کی بہتریں مثال ہیں۔