09 مارچ ، 2014
کوئٹہ… بلوچستان کے ضلع آواران میں زلزلے سے متاثرہ افراد کیلئے خوشخبری ہے کہ ان کیلئے پختہ مکانات بنانے کا پروجیکٹ آئندہ ماہ سے شروع ہو رہا ہے ،صوبائی حکومت کی جانب سے چودہ ہزار مکانات ایک سال میں تعمیر کئے جائیں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق آواران میں سات ماہ قبل آنے والے زلزلے کے نتیجے میں چار سو سے زائد افراد جان بحق جبکہ تیس ہزار مکانات تباہ ہوگئے تھے۔ بلوچستان حکومت نے زلزلہ متاثرین کیلئے چودہ ہزار مکانات کی تعمیر کیلئے آواران زلزلہ بحالی پروجیکٹ ، شروع کردیا ہے جس کیلئے سابق ڈپٹی کمشنر سبی عزیز جمالی کو پروجیکٹ ڈائریکٹر مقررکردیا گیا، دو کمروں کے ایک مکان کی تعمیر پر تین لاکھ روپے کی لاگت کا تحمینہ لگایا گیا جبکہ ان مکانات کی تعمیر میں پاک فوج کی انجینئرنگ کور کی مدد بھی لی جائے گی۔ آواران زلزلہ بحالی پروجیکٹ ، کی نگرانی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کرے گی۔آواران میں مزید اٹھارہ ہزار مکانات کی تعمیر کیلئے حکومت کویت ، بحریہ ٹاؤن ،اور دیگر سماجی تنظیموں کی مدد بھی لی جارہی ہے۔