09 مارچ ، 2014
اسلام آباد…سانحہ اسلام آباد کچہری کی تحقیقات کے دوران مزید شواہد سامنے آئے ہیں۔پولیس کے مطابق دونوں خود کش حملہ آوروں کی جیکٹ میں چار چار کلو گرام دھماکا خیز مواد موجود تھا۔پولیس رپورٹ کے مطابق واقعہ کے دوران کل تین دھماکے ہوئے،دو دھماکے خود کش حملہ آوروں نے خود کو اڑا کر کئے جبکہ تیسرا دھماکا دستی بم کا تھا۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے دوسرا دستی بم پولیس پر پھینکا جو پھٹ نہ سکا۔ کرائم سین سے پولیس کو کلاشنکوف کی 17 گولیاں اور 62 خول ملے۔اس کے علاوہ کرائم سین سے دہشت گردوں کی دو کلاشنکوفیں اور ایک دستی بم بھی برآمد ہوا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق حملے میں تین دہشت گردوں نے حصہ لیا۔