پاکستان
11 مارچ ، 2014

پاکستان کا ایٹمی پروگرام پرامن اور مکمل طور پر محفوظ ہے،وزیراعظم

پاکستان کا ایٹمی پروگرام پرامن اور مکمل طور پر محفوظ ہے،وزیراعظم

اسلام آبا…وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی عدم پھیلاوٴ کے لیے پرعزم ہے،عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نگرانی اور قواعد وضوابط کے تحت پاکستان کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لیے اور مکمل طور پر محفوظ ہے۔ وزیراعظم نوازشریف سے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹرجنرل یاکیو امینو نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کے تمام نیوکلئیر پاور پلانٹ اور ریسرچ سینٹر، عالمی اٹامک انرجی ایجنسی کی نگرانی اور قواعد کے تحت کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، ایٹمی پروگرام کے لیے عالمی ایجنسی کی تمام شرائط وضوابط پر عمل کررہا ہے اور پاکستان میں نیوکلیئر ٹیکنالوجی کو بجلی کی پیداوار، ادویات، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے استعمال کیاجارہاہے۔ انٹرنیشنل ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ایٹمی توانائی کو عوام کی بہتری کے لیے استعمال کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں :