پاکستان
12 مارچ ، 2014

وزیراعظم سے ملاقات بہت اچھی رہی ،عمران خان

 وزیراعظم سے ملاقات بہت اچھی رہی ،عمران خان

اسلام آباد…تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات بہت اچھی رہی،بہت ساری قوتیں مذاکرات کو سبوتاژ کرسکتی ہیں،کوشش ہے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے، چےئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کومضبوط کرناچاہتے ہیں، ایک لابی مذاکراتی عمل کو ناکام کرنے کی سازش کررہی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن مدد کی جائے گی، مذاکرات کیلئے وفاقی حکومت کی غیر مشروط مدد کی جائے گی۔ عمران خان نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ جو طالبان گروپ مذاکرات نہیں کرتے انہیں الگ کیا جائے، تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے گروپوں کے خلاف ہی کارروائی ہونی چاہیے، ہمیں امن کے دشمن طالبان کو الگ کرنا ہے، مذاکرات پہلی ترجیح اور آپریشن آخری آپشن ہونا چاہیے، آپریشن ناگزیر ہو توشمالی وزیرستان کے لوگوں کی سلامتی یقینی بنائی جائے۔ عمران خان نے مذاکرات پر وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی حکومت ہے جس نے طالبان کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کی کوششوں کا آغاز کیا، آپریشن سے گریز کرتے ہوئے امن مشن جاری رکھنا چاہیے، حکومتی کوششوں کے لیے ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہے، مذاکراتی عمل کو تقویت دینا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ طالبان سے مذاکرات میں پولیو کے خلاف مہم کو بھی شامل کیا جائے، طالبان کا سیز فائر بہت بڑی کامیابی ہے، اس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ ملاقات کے دوران نئی مذاکراتی کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں :