12 مارچ ، 2014
اسلام آباد…وزیراعظم نوازشریف نے تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے امن کوششوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں، آپ نے مجھے مشورے کے لیے بلایا میں خود آگیا،میں یہاں پاکستان کیلئے آیاہوں،پاکستان کے مفاد میں ہم مل کر فیصلے کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن کا قیام ہمارا مشترکہ موٴقف ہے۔ وزیراعظم نے عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلی ترجیح مذاکرات کو دی، حکومتی کوششوں سے مذاکرات کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرقسم کی دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام ہم سب کی اجتماعی ذمے داری ہے،پوری قوم اورساری سیاسی قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہونی چاہیے،ہرقسم کی تفریق اورتقسیم سے ہٹ کرعزم کے ساتھ امن کے حصول کی جدوجہد کرنا ہوگی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ اب خون کا ایک قطرہ بہائے بغیر امن قائم ہوجائے، اے پی سی کے فیصلے کی روشنی میں سنجیدگی کے ساتھ مذاکراتی عمل آگے بڑھا رہے ہیں، حکومتی اورطالبان کمیٹیوں نے مختصر مدت میں وہ کام کر دکھایا جو کئی سال سے نہیں ہوسکا، پارلیمنٹ کے اندر بلکہ باہر موجود جماعتوں کو بھی امن کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے زیادہ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہورہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار نے تحریک انصاف کی قیادت کو مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آئندہ مذاکراتی حکمت عملی سے متعلق عمران خان کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم اورعمران خان کے درمیان مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق بھی ہوا۔ وزیراعظم نوازشریف کی عمران خان سے ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحق ڈار، مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی، تحریک انصاف کے رہنما، مخدوم جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی موجود تھے۔