14 مارچ ، 2014
کراچی…وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کراچی آپریشن کی سب نے حمایت ہے، جرائم پیشہ افراد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے،قومی ائیرلائن کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کراچی چیمبر آف کامرس کی ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔خوشی ہوئی کہ سندھ کے سیاست دان اور تاجر مل کر بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب نے مشترکہ طور پر کراچی میں آپریشن کی حمایت کی، جب تک کراچی پوری طرح جرائم پیشہ افراد سے پاک نہیں ہوجاتا آپریشن جاری رہے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ آہستہ آہستہ پورے ملک کے تمام محکموں کو درست کرنا چاہتے ہیں۔ملک میں بجلی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔پورٹ قاسم میں 660 میگاواٹ کے کوئلے پر چلنے والے دومنصوبے لگائے جارہے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ گڈانی میں بھی بجلی کے منصوبے لگائے جارہے ہیں ۔تھر کے کوئلے پر چائنا نے 10 بجلی کے منصوبے لگانے کا فیصلہ کیا ہے،اس بات کی خوشی ہے کہ یہ منصوبے تھر میں لگائے جائیں گے۔اگلے 8 سے 10 سالوں میں 21 ہزار بجلی کے منصوبے لگائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر آنے کی دعوت دی جس کا فائدہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو بھی ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔پی آئی اے پر ایک درمند شخص کیپٹن عظیم کو لگایا گیا ہے،میری خواہش ہے کہ پی آئی اے میں اچھے جہاز لائے جائیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ جلد لاہور کراچی موٹر وے پر کام شروع کردیں گے۔