05 اپریل ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ پر پھل فروشوں کے اسٹالز کے قریب ایس ایس پی ملیر راوٴانوار کے اسکواڈ پر خود کش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 4افراد ہلاک اور 14زخمی ہو گئے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ کراچی پولیس چیف اختر گورچانی نے خود کش حملے کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایس ایس پی ملیر راوٴانوار دفتر جارہے تھے جب موٹر سائیکل پر سوار خود کش حملہ آور نے موٹر سائیکل بکتر بند گاڑی ٹکرا دی۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ تھوڑی دیر کیلئے علاقے میں گردو غبار کی وجہ سے اندھیرا چھا گیا۔ دھماکے سے قریب موجود پان کا کیبن، پھل فروش اور گداگر شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تھوڑی ہی دیر میں قریبی نجی اسپتال سے ایک مشتبہ زخمی کو حراست میں لے لیا گیا۔ واقعے کے فوری بعد شارع فیصل پر ٹریفک معطل جبکہ نزدیک موجود تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔