06 مارچ ، 2025
سبزیوں کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے ہم سب ہی فریج کا استعمال کرتے ہیں کیونکہ فریج کی ٹھنڈک سے سبزیاں گلنے سڑنے سے محفوظ رہتی ہیں۔
لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہر سبزی کو فریج میں نہیں رکھنا چاہیے کیونکہ کچھ سبزیاں فریج میں رکھنے سے اپنی قدرتی افادیت کھو کر مضر صحت ہوجاتی ہیں۔
آلو
آلو زیر زمین اگنے والی سبزی ہے جو بچے سے لے کر ہر عمر کے افراد کو پسند ہوتی ہے، لیکن یہ آلو ہی ہیں جو فریج میں رکھنے کی وجہ سے آپ کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔
جب ہم آلو کو فریج میں رکھتے ہیں تو اس میں موجود اسٹارچ ٹھنڈ کی وجہ سے اپنی افادیت کھو دیتا ہے اور پھر اس کا استعمال متلی اور سر درد کا باعث بنتا ہے۔
پیاز
پیاز کا شمار بھی ان ہی سبزیوں میں کیا جاتا ہے، پیاز کو فریج میں رکھنے سے وہ مرجھا کر نرم پڑنا شروع ہوجاتی ہے اور پھر اس کا استعمال صحت کیلئے اچھا نہیں۔
لہسن
لہسن کو بہت سے لوگ نہ صرف فریج میں ثابت ہی رکھتے ہیں بلکہ کچھ لوگ اس کا پیسٹ بنا کر بھی فریج میں محفوظ کرلیتے ہیں اور کچھ دن بعد اس کا پیلا رنگ تبدیل ہوکر ہرا ہوجاتا ہے۔
یہ ہی وجہ ہے کہ لہسن فریج میں رکھنے سے مضر صحت ہونا شروع ہوجاتا ہے جو کسی بھی انسان کیلئے ٹھیک نہیں۔
ٹماٹر
ٹماٹر کو بھی فریج میں رکھنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ فریج میں رکھنے کی وجہ سے اس کا ذائقہ تبدیل ہوجاتا ہے اور یہ نرم پڑنا شروع ہوجاتے ہیں۔