پاکستان
26 مارچ ، 2014

آصف زرداری کو جیولری کی واپسی کی مخالفت کرینگے،سیکریٹری قانون

آصف زرداری کو جیولری کی واپسی کی مخالفت کرینگے،سیکریٹری قانون

اسلام آباد…پاکستانی وکیل نے خط لکھ دیا کہ سابق صدر زرداری کو بے نظیر کے سوئٹزرلینڈ میں موجود زیورات لینے دیں یا نہیں، سیکریٹری قانون نے خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیورات سابق صدر کو دینے کی مخالفت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے سوئس حکام سے بینظیر بھٹو کا قیمتی ہار اور زیورات واپس مانگ لیے ہیں۔ سیکرٹری قانون کہتے ہیں کہ آصف زرداری کی درخواست کی مخالفت کی جائیگی۔ سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے وکیل فرانسس مچلی نے وزارت قانون اور پاکستانی لاء فرم احمرسٹ براوٴن کو اپنے ایک خط میں بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک آف شور کمپنی بومر فنانس کے ذریعے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی قیمتی جیولری واپس مانگی ہے، جس میں تین لاکھ 23 ہزار ڈالر مالیت کا ایک قیمتی ہار اور دیگر بیش قیمت جیولری شامل ہے۔ یہ جیولری سوئس حکام نے 1997ء میں ایس جی ایس اینڈ کوٹیکنا اسکینڈل کی تفتیش میں قبضے میں لی تھی۔ 2008ء میں این آر او قانون کے باعث کیس کی فائلیں بند ہوگئیں، مگر جیولری کا کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ پاکستانی وکیل فرانسس مچلی کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے اٹارنی نے دس دن میں جواب مانگا ہے، حکومت پاکستان انہیں بتائے وہ عدالت میں کیا موٴقف اختیار کریں۔ وفاقی سیکرٹری قانون رضا خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو خط موصول ہوگیا ہے،تاہم حکومت بینظیر بھٹو کے زیورات سے متعلق آصف علی زرداری کی درخواست کی مخالفت کرے گی ۔

مزید خبریں :