پاکستان
26 مارچ ، 2014

علماء و مشائخ کے وفد کی متحدہ رابطہ کمیٹی سے ملاقات

علماء و مشائخ کے وفد کی متحدہ رابطہ کمیٹی سے ملاقات

کراچی…قومی مشائخ کونسل کے صدر اور سجادہ نشین گڑھی شریف خواجہ غلام طب الدین فریدی ،گدی نشین اجمیر شریف بھارت کی درگاہ کے گدی نشین سید بلال چشتی اور پاک پتن شریف کے گدی نشین دیوان عظمت محمود پنجاب سے تعلق رکھنے والے علماء و مشائخ کے ایک وفد کے ہمراہ خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین حیدر عباس رضوی ، سیف یار خان اور شاکر علی سے ملاقات کی اور انہیں ایم کیوایم کے زیراہتمام لاہور میں منعقد کی جانے والی عظیم الشان صوفیائے کرام کانفرنس  کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وفد میں گولڑہ شریف اسلام آباد کے جی۔ اے حق چشتی ، گڑھی شریف کے شہزادہ اظہر الحسن شاہ گیلانی ، اوکاڑ ہ شریف کے پیر صاحبزادہ سعید احمد صابری ، ملتان شریف کے صاحبزادہ فضیل احمد ،حیدرآباد سے سید جنید شاہ گیلانی ، قومی مشائخ کونسل سندھ کے چیف کو آرڈی نیٹر صابر داؤد اور مہر منیر فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین حشام داؤد کے علاو ہ نصرت خان اور دیگر شامل تھے ۔ ملاقات میں درگاہوں کے گدی نشینوں اور علماء و مشائخ نے رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور میں منعقد کی گئی صوفیائے کرام کانفرنس کی زبردست کامیابی نے ملک میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف قوم میں حوصلہ پیدا کیا ہے اور الطاف حسین اور ایم کیوایم نے صوفیائے کرام اور اولیائے کرام کے درس و تعلیمات کے فروغ کیلئے جو نیک کاوش انجام دی ہے ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اسے بارگاہ میں قبول و منظور فرمائے اور ملک و قوم کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے عفریت سے نجات دلائے ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ صوفیاء اور اولیائے کرام کی تعلیمات برصغیر پاک و ہند کا اثاثہ ہیں اور دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ماحول میں آج اولیائے کرام کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ صوفیائے کرام کانفرنس کا انعقاد اور اس کی فقید المثال کامیابی کے ثمرات ملک و قوم کو ضرور میسر آئیں گے اور ملک بھر کے عوام کی خواہشات ، امنگوں اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کے مطابق ہی دین اسلام کو اس کی اصل روح کے مطابق اپنی اپنی زندگی کا شعار بنانے میں ہی سب کی بقاء و سلامتی مضمر ہے۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے علماء و مشائخ ، درگاہوں کے سجادہ اور گدی نشینوں کی نائن زیروآمد کا زبردست خیر مقدم کیا اور انہیں بھی صوفیائے کرام کانفرنس کی کامیابی پر الطاف حسین کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ۔ دریں اثناء رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی نے کہا ہے کہ آزادی کے بعد سے ہی بزرگوں نے ملک و قوم کی فلاح میں اپناکردار ادا کیا ہے اور ہر کٹھن وقت میں اپنے تجربات و مشاہدات کے ذریعے ملک کو درپیش سنگین مسائل کے حل تجویز کئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایم کیو ایم نارتھ ناظم آبا د سیکٹر میں ایلڈرز ونگ کے زیر اہتمام منعقد کی گئی عوامی رابطہ میٹنگ میں شریک بزرگوں،کارکنان اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انھوں نے کہا کہ بزرگوں کے تجربات کی روشنی میں ملک کو مسائل کے دلدل سے نکالا جا سکتا ہے لہٰذا نوجوان طبقہ اپنے بزرگوں کی تعلیمات کو اپنا شعار بنائے اور ملک و قوم کی خدمت کرے۔ انھوں نے بزرگ کا رکنان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین نے اپنے کارکنان کو ہمیشہ بزرگوں کے ادب اورزندگی کے ہر محاذ پربزرگوں کے مشاہدات سے سیکھنے کی تلقین کی ہے ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے مرکزی ایلڈرز ونگ کے جوائنٹ انچارج سید ضمیر الحق و اراکین،نارتھ ناظم آباد ایلڈرز ونگ کے انچارج محمود اور اراکین سمیت علاقہ معززین، اہل محلہ اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

مزید خبریں :