26 مارچ ، 2014
نئی دہلی…بھارت میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے ایک بار پھر اپنے مخالفین کو پاکستان کا ایجنٹ قرار دے دیا۔ آج وہ جموں میں ”اے کے اے کے“ کرتے رہے۔ بھارتیا جنتا پارٹی کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی جنتا سے ووٹ مانگنے کے لیے جموں آئے تو عوام کو دیکھ کر انگارے اگلنے شروع کردیے ۔ اپنے مخالف امیدوار کو بندوق کہا اور اس بندوق کو پاکستان کے کندھوں پر رکھ دیا ۔ انتخابی مہم کے لیے بہت سے لوگ جمع ہوئے تو مودی نے موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا اور اروند کیجریوال کے ساتھ ساتھ لگے ہاتھوں پاکستان پر بھی الزامات کی بوچھار کردی ۔کبھی پاکستانی میڈیا پر جانبداری کا بہتان لگایا،تو کبھی اپنے ہی وزیر دفاع پر پاکستان کے دفاع کا الزام دھر دیا۔ مودی جی تو سرحد پار دشمنی میں حد ہی پار کرگئے۔ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور اے کے انٹونی کو پاکستان کا سپاہی کہہ کر، سمجھیے ان کے ماتھے پر بھارت سے غداری کی کالک بھی مل دی۔ مودی اور بی جے پے کی پاکستان سے عداوت نئی بات نہیں اور پھر بات ہو ووٹ لینے کی پھر تو پاکستان ہی تو وہ دکھتی رگ ہے جس پر ہاتھ رکھنے سے بھارتیا جنتا پارٹی انتہا پسندوں کی حمایت حاصل کرتی ہے۔