پاکستان
27 مارچ ، 2014

بلوچوں پر مظالم: الطاف حسین نے سب سے پہلے آواز بلند کی ،یوسف شاہوانی

 بلوچوں پر مظالم: الطاف حسین نے سب سے پہلے آواز بلند کی ،یوسف شاہوانی

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پرایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین یوسف شاہوانی اور نثار پہنور نے بلوچستان سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاجی مارچ کرنے والی تنظیم "وائس فور بلوچ مسنگ پرسنز": کے چیئرمین ماما قدیربلوچ سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی پریس کلب جاکر ملاقات کی اور الطاف حسین کی جانب سے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہارکیا۔ اس موقع پر صوبائی تنظیمی کمیٹی بلوچستان کے انچارج واراکین ، حق پرست اراکین پارلیمنٹ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ رکن رابطہ کمیٹی یوسف شاہوانی نے ماما قدیر کی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوا یم گذشتہ کئی برسوں سے ریاستی جبر کا شکار ہے اور اس عرصے میں ہمارے ہزاروں کارکنان کو شہید کر دیا گیا جبکہ تاحال کئی کارکنان کوگرفتار کرنے کے بعد لاپتہ کر دیا گیا ہے جن کے لواحقین آج تک ان کی واپسی کے انتظار میں ہیں۔لہذٰ ا ایم کیوایم سے بہتر آپ کے دکھ کو کو ن جا ن سکتا ہے۔ الطاف حسین نے ہمیشہ ہی بلوچوں پر ہونے والے ظلم اوراستحصال کے خلاف اوران کے جائزحقوق کے لئے سب سے پہلے آواز بلند کی ہے۔ اور مظلوم بلوچوں کو اپنا بھائی سمجھا ہے ۔ رکن رابطہ کمیٹی نثار پنہورنے ماماقدیر بلوچ سے کہا کہ ہمارا اور آپ کا دکھ یکساں ہے آپ بھی اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے سرگرداں اور انصاف کے طلب گار ہیں اور ہم بھی نہ صرف یہ کہ اپنے لاپتہ ساتھیوں کے لئے مقتدرحلقوں سے سوال کر رہے ہیں بلکہ مسلسل اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھارہے ہیں مظلوم کا درد مظلوم ہی سمجھتا ہے اسی لئے الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر آج ہم یہاں آپ سے اظہار یکجہتی کے لئے موجودہیں۔ ماما قدیربلوچ نے تمام لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے الطاف حسین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ الطاف حسین ہمیشہ سے مظلوم بلوچوں کے لئے صدا بلند کرتے رہے ہیں اور آج آپ لوگوں کی آمدپر ہم سب آپ کے بھی نہایت شکر گذار ہیں۔ اراکین رابطہ کمیٹی نے ماما قدیر بلوچ اور لاپتہ افراد کے لواحقین کو ایم کیو ایم کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں :