04 اپریل ، 2014
ریوڈی جنیرو…اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ فٹبال میں پاکستانی بچوں نے کمال کر دیا ،مسلسل تین میچز جیت کرکوارٹر فائنل میں پہنچے اور آخری گروپ میچ امریکا سے برابرکھیل کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کر لی۔آج اس کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ فلپائن کے ساتھ ہے۔ ریو ڈی جینرو میں جاری اسٹریٹ چائلڈ کا میگا ایونٹ، جس میں برازیل، امریکا، بھارت اور پاکستان سمیت 15 ٹیمیں شریک ہیں۔ گرین شرٹس نے ایونٹ کا آغاز ہی شاندار انداز میں کیا، روایتی حریف بھارت کو 13 گول سے زیر کیا۔ پھر آئی باری کینیا کی، جسے گرین شرٹس نے دو گول سے ہرایا، مراشس کے خلاف بھی ٹیم پاکستان نے شاندار کھیل پیش کیا اور تین صفر سے کامیابی اپنے نام کی، آخری گروپ میچ میں پاکستان کا مقابلہ امریکا سے تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس تو شاندار رہی، فارورڈ اورنگزیب اور گول کیپر احمد سمیر کا کھیل بھی نمایاں رہا اورنگ زیب نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنائی تو احمد سمیر نے تمام گروپ میچز میں صرف ایک ہی گول ہونے دیا، پاکستان ٹیم اپنے گروپ میں دس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ امریکا کا دوسرا نمبر ہے۔ آج کوارٹر فائنل میں پاکستان ٹیم کا مقابلہ فلپائن سے ہوگا۔