06 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ صدر زرداری سے منسوب کل کا بیان سراسر جھوٹ ہے، صدر نے میاں شریف سے متعلق ایسا کوئی بیان نہیں دیا، کسی نے اپنی خواہش کو خبر بنا کر پیش کیا ہے۔ لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل صدر پاکستان سے منسوب بیان سر اسر بے بنیاد ہے، میاں برادرن کے والد کے جنازے کے حوالے سے صدر نے کوئی بیان نہیں دیا، ان سے منسوب بیان سراسر غلط ہے، صدر مفاہمت کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں، وہ انتقام کی سیاست دفن کرکے رائے ونڈ گئے تھے اور میاں شریف کی قبر پر فاتحہ خوانی کی تھی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا دوسروں کی پگڑی کو اچھالنا پیپلزپارٹی کا کلچر نہیں، صدر نے کل ایسی کوئی بات نہیں کی،کسی نے داتی خواہش کو خبر بنا کر پیش کیا ہے، بڑوں کا احترام کرتے ہیں، صدر نے میاں شریف کے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ صدرزرداری نے آزاد امیدواروں کی صورت میں شریف برادران کو واک اوور دیا تھا جو حقیقت ہے تاہم بزرگوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔