08 اپریل ، 2014
تربیلا…آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج اپنے ادارے کے وقار کا ہر حال میں تحفظ کرے گی،پاک فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ آرمی چیف نے غازی بیس تربیلا میں ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے قومی حمایت کے ساتھ روایتی ہم آہنگی میں نمایاں کردار ادا کیا،پاک فوج یہ اہم فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ملک اندرونی اور بیرونی مشکلات سے دو چارہے،پاک فوج نے ہمیشہ قومی سلامتی اور تعمیر وترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں فوج کے بارے میں بعض عناصرنے غیر ضروری تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج مادروطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔آرمی چیف نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں میں ایس ایس جی کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس ایس جی کو انتہائی حساس، پیچیدہ اوردشوارصورتحال میں کام کرناپڑتاہے۔