07 اپریل ، 2014
ڈیلس …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… بالی وڈ کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ شلمالی کولگرے کا براہ راست میوزیکل کنسرٹ مقامی فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کی جانب سے پارک ہال ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں منعقد کیا گیا۔ ایونٹ میں ہر عمر کے مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی تاہم زیادہ تعداد نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی تھی جنہوں نے اس میوزیکل کنسرٹ میں بھرپور انجوائے کیا۔ شلمالی جو کہ بالی وڈ فلموں میں پلے بیک سنگر کے طور پر جانی جاتی ہیں‘ نے وہاں موجود شائقین کو اپنے ناز و ادا اور گانوں سے جھومنے پر مجبور کر دیا انہوں نے معروف بھارتی فلموں کے گانوں جن میں ”پریشان“ دارو دیسی‘ لت لگا گئی“ ”یہ جوانی ہے دیوانی“ سمیت متعدد گانے پیش کر کے بھرپور پرفارمنس دی۔ انہوں نے موجود شائقین کے درمیان آ کر بھی اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا اور موجود افراد کو ڈانس اور بھنگڑاا ڈالنے پر مجبور کر دیا۔ ان کی بھرپور پرفارمنس کے بعد معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنے معروف گانے جس میں ”تو جانے نا“ ”کچھ اس طرح تیری پلیکس“ ”ہونا تھا پیار“ ”تیرا ہونے لگا ہوں“ ”پہلی نظر میں“ ”وہ لمحے“ ”تیرے بن میں کیسے جیا“ ”لے جاتو مجھے“ سمیت گلوکار پرویز مہندی کے صاحبزادے کے ساتھ بھی کئی گانے گائے اور وہاں موجود لڑکے اور لڑکیوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگ دیوانہ وار سیکورٹی حصار بھی عبور کرتے رہے تاہم سیکورٹی حکام اور نوجوان تماش بینوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ دور بیٹھے افراد ان کو دیکھنے کیلئے بار بار قریب آتے رہے۔ آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ شام بھرپور طریقے سے انجوائے کی ہے۔ اس موقع پر فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کے مالکان جان حامد اور شارق حامد اسپانسرز اور ایشیا ٹیم کے ہمراہ اسٹیج پر آئے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ عاطف اسلم جب بھی ڈیلس آتے ہیں تو ان کے شوز ہمیشہ سولڈ آؤٹ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کا یہ شو بھی پھرپوررہا اور عوام کے اس بھرپور تعاون پر وہ ان کے شکرگزار ہیں۔