پاکستان
07 اپریل ، 2014

الطاف حسین کی جدو جہد کا مقصد جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ ہے،رابطہ کمیٹی

 الطاف حسین کی جدو جہد کا مقصد جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ ہے،رابطہ کمیٹی

لاہور…متحدہ قو می مومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سید امین الحق اور افتخار اکبر رندھاوا نے کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کی جدو جہد کا مقصد ملک سے جاگیردارانہ نظام اور مورثی سیاست کا مکمل خاتمہ کر کے ملک میں غریبوں کی حکمرانی قائم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پنجاب ہاؤس لاہور میں ایم کیو ایم سینٹرل پنجاب کمیٹی ، ڈسٹرکٹ کمیٹی لاہور ، متحدہ سوشل فارم ، شعبہ خواتین اور دیگرشعبہ جات کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سید امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم کے زیر اہتمام 9مارچ کو منعقد ہونے والی صوفیاء کرام  کانفرنس کے بعد سے پنجاب کے عوام الطاف حسین کے فکر و فلسفہ سے متاثرہو کر جوق درجوق ایم کیو ایم کے پرچم تلے جمع ہو رہے ہیں، ملک میں خوشحالی لانے اور کرپشن سے پاک بنانے والا نسخہ صرف ایم کیو ایم کے پاس ہے ، جس کی واضح مثال کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے حق پرست نمائندوں کی جانب سے ترقیاتی کام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے ترقیاتی کام ہیں، جب تک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو منتخب کروا کر اسمبلیوں میں نہیں پہنچایا جائے گا تب تک اس ملک میں خوشحالی و ترقی نہیں آئے گی۔رکن رابطہ کمیٹی افتخار اکبر رندھاوا نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن اس ملک میں رائج جاگیردارانہ ، وڈیرانہ ، ظالمانہ اور منافقانہ سسٹم کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور یہ جنگ ہم اس ہی صورت جیت سکتے ہیں جب ہم قائد تحریک کے فکر و فلسفہ کو پنجاب کے کونے کونے میں پھیلانے کیلئے دل جوئی اور لگن سے کام کریں ، ایم کیو ایم جو پیغام دیتی ہے وہ امن ، محبت و آشتی کا پیغام ہے ۔اس موقع پر ایم کیو ایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کی رکن بسمہٰ آصف سکھیرا ، صوبائی تنظیمی کمیٹی پنجاب کے انچارج ارشاد ظفیر ، ایم کیو ایم سینٹرل پنجاب کے صدر محمد عامر بلوچ و دیگر بھی موجود تھے ۔دریں اثناء ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے یونٹ 123اورنگی ٹا وٴن سیکٹر کے کارکن اللہ نور کی والدہ محترمہ بتولن بیگم اور وارڈ نمبر 4 لائنز ایریا سیکٹر کے کارکن اکبر کے بڑے بھائی نور رحمان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور مرحومین کے بلند درجات کے لیے دعا کی ہے ۔

مزید خبریں :