پاکستان
08 اپریل ، 2014

جعفر ایکسپریس کی بوگی میں بم دھماکہ پر الطاف حسین کااظہار مذمت

جعفر ایکسپریس کی بوگی میں بم دھماکہ پر الطاف حسین کااظہار مذمت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بلوچستان میں سبی ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس کی بوگی میں بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد مسافروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مسافر ٹرین میں بم دھماکہ کرکے معصوم و بے گناہ انسانوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کھلی دہشت گردی پر اترے ہوئے ہیں اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، بلوچستان کئی برس سے بم دھماکوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی لپیٹ میں ہے جس میں اب تک کئی معصوم و بے گناہ افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ بم دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ، جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیاجائے ۔ علاوہ ازیں اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں کامیابی پرٹیم کے وطن واپسی پرحق پرست ارکان اسمبلی نے ان کا کراچی ائئر پورٹ پرپرتپاک استقبال کیا اور الطاف حسین کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور کامیابی پر مبارکباد دی ۔ حق پر ست ارکان نے اسمبلی نے کہا کہ اس ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،یہ علاقے کے بچوں کی ٹیم نہیں بلکہ پورے پاکستان کے بچوں کی ٹیم ہے ۔

مزید خبریں :