09 اپریل ، 2014
لاہور…واپڈا اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملک بھر میں دفاتر میں تالا بندی کر دی گئی۔لاہورمیں واپڈا ہاوٴس کے سامنے مال روڈ پر دھرنا جاری ہے۔ واپڈا ہائیڈرو سینٹرل لیبر یونین کے تحت لاہورمیں واپڈا ہاوٴس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا ہے۔ مظاہرے کی قیادت واپڈا ہائیڈرو لیبر یونین کے جنرل سیکریٹری خورشید احمد کررہے ہیں، مظاہرین نے سرخ جھنڈے اٹھا رکھے ہیں اور وہ نجکاری کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ خورشید احمد کاکہناہے کہ آج ملک بھرمیں واپڈا اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے دفاتر میں کام نہیں ہوگا، نجکاری آئی ایم ایف کا ایجنڈا اور ملک دشمنی ہے، جسے وہ نامنظورکرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ نجکاری ہوئی تو بجلی مہنگی اور ہزاروں ملازمین بے روز گار ہوجائیں گے، حکومت کو چاہئے کہ وہ مشاورت سے فیصلے کرے۔