پاکستان
09 اپریل ، 2014

اسلام آبادفروٹ منڈی دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد22 ہوگئی

اسلام آبادفروٹ منڈی دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد22 ہوگئی

اسلام آباد…اسلام آباد کی فروٹ منڈی میں دھماکے سے 22 افراد جاں بحق اور 116سے زائد افراد زخمی ہوگئے، بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کرلی ۔پولیس کے مطابق پانچ کلو وزنی ٹائم بم امرودوں کی پیٹی میں چھپایا گیا تھا۔وفاقی دارلحکومت کی فروٹ منڈی میں صبح کا آغاز معمول کی طرح ہوا، ملک بھر سے آئے پھلوں کی بولیاں لگنی شروع ہوئیں، وہ مقام جہاں امرود کی بولی ہورہی تھی ،تقریبا سوا آٹھ بجے اچانک زور دار دھماکا ہوگیا۔اے آئی جی پولیس اسلام آباد سلطان اعظم تیموری کا کہنا ہے کہ بورے والا، عارف والا ، پاک پتن اور شرق پور سے آنے والی امرودوں کی پیٹیوں میں دھماکا خیز مواد چھپایا گیا،قائم مقام آئی جی اسلام آباد خالد خٹک کا کہنا تھا کہ خود کش حملے کے ثبوت نہیں ،صبح فروٹ کی بے شمار گاڑیاں آتی ہیں سب کو چیک نہیں کیا جا سکتا جبکہ دھماکے سے قبل کوئی دھمکی نہیں ملی تھی۔درالحکومت کے منتخب نمائندے بھی جائے وقوع پر پہنچے اور واقعے کی تفصیلات حاصل کیں جبکہ منڈی انتظامیہ نے سوگ میں دو دن منڈی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔انتظامیہ اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فروٹ منڈی کے دہشت گردی کے اس واقع کا نشانہ بنے والے افراد کی اکثریت مزدور اور دوکاندار ہیں۔پمز اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد پمز میں 17 لاشیں اور74 زخمی لائے گئے،جبکہ ہولی فیملی اسپتال میں دو لاشیں اور 35 زخمی منتقل کئے گئے،بے نظیر بھٹو اسپتال میں چار، ڈی ایچ کیو2 اور ریلوے اسپتال میں ایک زخمی کو لایا گیا۔پمز انتظامیہ نے پوسٹ مارٹم کے لئے ڈاکٹر محمد نصیراور ڈاکٹر نسرین بٹ پر مشتمل میڈیکل بورڈ قائم کردیا ہے۔وائس چانسلر پمز ڈاکٹر جاوید اکرم کے مطابق لاشیں قابل شناخت ہیں اور ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے،ادھر وزیر داخلہ چودھری نثار نے جاں بحق اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مزید خبریں :