پاکستان
09 اپریل ، 2014

اسلام آباد فروٹ منڈی دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی

اسلام آباد فروٹ منڈی دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی

اسلام آباد …دارالحکومت اسلام آباد آج صبح زور دار دھماکے سے گونج اٹھا۔ سبزی منڈی میں امرود کی پیٹی میں چھپایا گیا بم پھٹنے سے ہر طرف تباہی پھیل گئی۔دھماکے میں 24 مزدورجاں بحق اور 115سے زائد زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔وفاقی دارالحکومت کی فروٹ منڈی میں صبح کا آغاز معمول کی طرح ہوا، ملک بھر سے آئے پھلوں کی بولیاں لگنا شروع ہوئیں، جس جگہ امرود کی بولی ہورہی تھی ،وہاں 8 بج کر 13 منٹ پر زور دار دھماکا ہوگیا۔دھماکے کی آواز اسلام آباد اور راول پنڈی میں دور دور تک سنی گئی۔پولیس حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد بورے والا، عارف والا ، پاک پتن اور شرق پور سے آنے والی امرودوں کی پیٹیوں میں چھپایا گیا تھا ۔ خود کش حملے کے ثبوت نہیں ملے۔اسلام آباد کے منتخب نمائندے بھی جائے وقوع پر پہنچے اور دھماکے کی تفصیلات حاصل کیں۔ سبزی منڈی انتظامیہ نے سوگ میں دو دن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔انتظامیہ اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی اکثریت مزدور اور دکاندار ہیں۔فروٹ منڈی دھماکے کا مقدمہ تھانہ سبزی منڈی میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل ،اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :