10 اپریل ، 2014
کراچی …سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں کلفٹن انڈر پاس اور فلائی اوور کی تعمیر کے خلاف حکم امتناع میں 17 اپریل تک توسیع کردی ہے۔کلفٹن میں بحریہ ٹاوٴن کی جانب سے انڈرپاس اور فلائی اوور کی تعمیر کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔ بحریہ ٹاوٴن کے وکیل چوہدری اسلم نے اپنے جواب میں موقف اختیار کیا کہ قوائد وقوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کی اجازت سے تعمیر کا کام شروع کیا گیا ،تاہم بحریہ ٹاوٴن کے وکیل نے اپنے جواب میں متعلقہ اداروں کی دستاویزات جمع نہیں کرائیں ۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ عدالتی حکم امتناع کے باوجود کام جاری ہے اگر ایسا ہوا تو سخت کارروائی کریں گے۔کے ایم سی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے بعد کام رک گیا ہے، کام جاری رہنے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ، جس کے بعد عدالت نے حکم امتناع میں 17 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔