11 اپریل ، 2014
اسلام آباد…ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہاہے کسی کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں، طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، روس کے ساتھ معاشی تعلقات مزید مستحکم کیے جا رہے ہیں۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم نے کہا کہ بھارت میں نئی منتخب ہونے والی حکومت سے تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے، بھارت سے مذاکرات کے لیے 8 نکاتی ایجنڈا موجود ہے لیکن مذاکراتی عمل 3 سال سے رکا ہوا ہے، جوں ہی بحال ہوا تو پاکستان کا موقف واضح ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں صدارتی انتخابات خوش آئند ہیں، وہاں جمہوریت کا تسلسل خطے کے لیے اہم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ ایران کی ابھی کوئی تاریخ مقرر نہیں ہوئی، ایران کے ساتھ تعلقات کسی ایک ایشو تک محدود نہیں، یہ دوستانہ روابط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ معاشی تعلقات مزید مستحکم کر رہا ہے اور سیکریٹری خارجہ کے حالیہ دورہ روس میں اقتصادی تعلقات کے فروغ دینے پر بات چیت ہوئی ہے۔