10 اپریل ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ ن کے لائرزفورم کے عہدیدار سید وقار شاہ کی ہلاکت پر سخت الفا ظ میں مذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز دہشت گردو ں نے جس آزادی کے ساتھ بیگناہ شہریوں کو قتل وغارت گری کا نشانہ بنایا وہ انتہائی تشویشنا ک ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سید وقار شاہ سمیت شہر میں قتل کئے جانے والے تمام افراد کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور شہر کاامن تباہ کرنے والوں کو مثالی سزائیں دی جائیں ۔رابطہ کمیٹی نے مسلم لیگ ن کے عہدیدار سید وقار شاہ سمیت شہر میں ہلاک ہونے والے تما م افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدر دی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور سوگوارن کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ حیدر آباد میں پی آئی اے کے سیلز آفس کی ممکنہ بندش سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک اپنے شہریوں کو آمد و رفت کی جدید تر سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں رہے ہیں اور بد قسمتی سے ہما رے ملک میں عوام کو پتھروں کے دور میں دکھیلا جا رہا ہے ، حیدر آباد ، سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے جو سندھ اور ملک کی معیشت میں زر مبادلہ کے ذخائر کے اضافے میں اہم کردار ادا کرتاہے ۔رابطہ کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدر آ با د میں پہلے ہی بہتر ہوائی سفری سہولیات کا فقدا ن ہے اور اس پر ستم ضریفی ہے کہ وہاں پی آئی اے کے سیلز آفس کو بند کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت ، ارباب اختیار اور پی آئی اے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حیدر آبا د میں بکنگ آفس کی بندش کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور حیدر آباد کی عوام کو ہوائی سفری سہولیات مہیا کرنے میں اپنا کردار اداد کریں تاکہ حیدر آبا د کے شہری جس پریشانی میں مبتلا ہیں اس کا فی الفور ازالہ کیا جائے ۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے گزشتہ آٹھ ماہ سے ہائر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی ) میں مستقل چےئر مین کی تقرری نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اور کہا کہ ملک میں 18 ویں ترمیم کے بعد سے نہ تو وفاقی سطح پر ایچ ای سی کا کوئی چےئر مین نامزد کیا گیا ہے اور نہ ہی صوبائی سطح پر کسی کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ حکومت ایچ ای سی جیسے اہم ادارے کو نظر انداز کر رہی ہے جس سے ملک کے لاکھوں طلبا ء اور اساتذہ میں بے چینی کی لہر پائی جا رہی ہے۔رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ادارے پر توجہ دیتے ہوئے ادارے میں جلد از جلد با کردار اور اہل شخص کو مستقل چےئر مین تعینا ت کریں اور صوبے میں پہلے سے پستی کے شکار تعلیمی نظام کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔