پاکستان
11 اپریل ، 2014

مارشل لاء کی کوئی بات نہیں کی، مشرف کے وکیل فروغ نسیم کا اصرار

مارشل لاء کی کوئی بات نہیں کی، مشرف کے وکیل فروغ نسیم کا اصرار

اسلام آباد…جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے انصار عباسی کے تجزیے پر اپنے ردعمل میں اصرار کیا کہ انہوں نے مارشل لاء کی کوئی بات نہیں کی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرویز مشرف کے سلسلے میں فوج کے پاس ایسے آئینی اور قانونی راستے موجود ہیں جو وہ وقت آنے پر اختیار کر سکتی ہے۔ جیو نیوز سے بات چیت میں ایک ٹاک شو کے دوران فروغ نسیم سے منسوب اس بیان کا حوالہ آیا کہ ”وکلاء نے اپنے چیف کو بچا لیا، فوج میں ہمت ہے تو اپنے چیف کو بچا لے“ اس پر فروغ نسیم نے کہا کہ انہوں نے ایک بات خوش گوار انداز میں کہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انصار عباسی کایہ کہنا غلط ہے کہ میں نے مارشل لاء لگانے کی بات کی ہے۔ تاہم فروغ نسیم نے کہا کہ ملک میں مارشل لاء جب بھی لگتا ہے وہ انفرادی فیصلہ نہیں ہوتا، ایمرجینسی کے معاملے میں بھی فوج کے پاس بہت سے آپشن موجود ہیں۔ جیو نیوز سے دوبارہ بات چیت کرتے ہوئے فروغ نسیم نے یہ بھی کہا کہ پرویز مشرف کا یہ موٴقف ہے کہ ایمرجینسی کا نفاذ ان کا انفرادی فیصلہ تھا ہی نہیں۔ اگر سپریم کورٹ میں ان کے کسی وکیل نے یہ کہا ہے تو یہ پرویز مشرف کا موٴقف نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے ایمرجنسی کیس میں جمعرات کو تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف کے وکیل کے اس اعتراف نے مقدمے کو مزید کمزور کر دیا ہے کہ 3نومبر کا اقدام انہوں نے آرمی چیف کی حیثیت سے اپنی صوابدید پر کیا۔ تاہم فروغ نسیم نے جیو نیوز کو بتایا کہ انہوں نے پرویز مشرف سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ان کا کبھی یہ موٴقف رہا ہی نہیں کہ 3نومبر کا اقدام ان کا انفرادی فیصلہ تھا۔

مزید خبریں :